جہانگیر ترین زیادہ دیر پاکستان تحریک انصاف میں نہیں رہیں گے، وزیراعلیٰ سندھ کا دعویٰ

جہانگیر ترین زیادہ دیر پاکستان تحریک انصاف میں نہیں رہیں گے، وزیراعلیٰ سندھ کا دعویٰ
کیپشن: جہانگیر ترین زیادہ دیر پاکستان تحریک انصاف میں نہیں رہیں گے، وزیراعلیٰ سندھ کا دعویٰ
سورس: فائل فوٹو

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وہ زیادہ دیر تک پارٹی میں نہیں رہیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے کہا تین سال میں وفاق نے صوبوں کو دیا کیا ہے بلکہ الٹا چھیننے میں لگے ہیں کیونکہ ہمارا 85 فیصد ٹیکس ریونیو وفاق اکٹھا کرتا ہے اور زیرو فیصد گروتھ کی وجہ سے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین زیادہ دیر پاکستان تحریک انصاف میں نہیں رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم ہر ہفتے چیف سیکرٹری کو کہتے ہیں کہ عمارتیں کیوں نہیں بنا رہے،کچھ شر پسند ہیں جو ہر روز نئے نوٹیفکیشن نکلوا دیتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صنعتی علاقے کو ترقی دلانے کے لیے کوشاں ہیں اور صنعتکاروں کے ساتھ ملکر صنعتی علاقے کو ترقی دلائیں گے۔ ہفتے میں دو روز کاروبار بند کروانے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دو دن کاروبار بند کرنے کا فیصلہ این سی او سی میں ہوا اور کورونا سے بچنے کے لیے ہم سب کو احتیاط کرنا ہو گی۔

خیال رہے کہ مراد علی شاہ سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے دعویٰ کیا تھا کہ جہانگیر ترین پیپلز پارٹی میں شامل ہونے جا رہے ہیں تاہم جہانگیر ترین نے اس قسم کی تمام قیاس آرائیوں کی تردید کی اور بعدازاں شہلا رضا نے اپنی ٹوئٹ بھی ڈیلیٹ کر دی تھی۔