کور کمانڈر کانفرنس، عسکری قیادت کا کشمیریوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

07:10 PM, 8 Apr, 2021

راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار قمر جاوید کی زیر صدارت ہونے والی کورکمانڈر کانفرنس میں حق خودارادیت کیلئے جاری جہد و جہد میں کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کورکمانڈر کانفرنس میں ملکی ، علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس کے شرکا نے اجلاس کے دوران مشرقی سرحد اور کنٹرول لائن کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جبکہ پاک_ بھارت ڈی جی ایم اوز کی بات چیت کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا جبکہ کورونا کی تیسری لہر سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ شرکا نے کورونا وائرس کی تیسری لہر سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مسلح افواج کی جانب سے وبا پر کنٹرول کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کو دہرایا۔

اس موقع پر کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل ہونا چاہیے جبکہ افغان امن عمل اور جاری کوششوں میں مثبت پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ عکسری قیادت کو دوست ممالک کے ساتھ جاری فوجی مشقوں کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف نے پاکستان کے دورے پر آئے روسی وزیر خارجہ سرگئ لاروف سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کسی بھی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ باہمی ترقی، خود مختاری اور برابری کی بنیاد پر خطے میں بہتری کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے ہر کوشش کا خیر مقدم کرتا ہے۔ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کا جرات و بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں اور اس انسانی المیے کو ختم کرنے کا وقت ا گیا ہے جبکہ جموں و کشمیر کے مسئلے کو عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔

مزیدخبریں