سابق رکن قومی اسمبلی میاں مٹھو نے 85 سال کی عمر میں شادی کر لی

05:59 PM, 8 Apr, 2021

گھوٹکی: سابق رکن قومی اسمبلی عبدالحق عرف میاں مٹھو نے 85 سال کی عمر میں دوسری شادی کر لی۔ خاندان نے ان کی دوسری شادی کی بھی تصدیق کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی عبدالحق عرف میاں مٹھو نے 85 سال کی عمر میں جام عبدالستار ڈہر کی صاحبزادی سے دوسری شادی کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالحق میاں مٹھو کی دوسری اہلیہ کی عمر 45 سال سے زائد اور بیوہ ہے۔

میاں مٹھو کا پورا نام میاں عبدالحق ہے اور ان کی عرفیت میاں مٹھو یا میاں مٹھا ہے جبکہ ان کے والد میاں عبدالرحمان عرف بھورل سائیں تقسیمِ ہند سے پہلے شمالی سندھ کی بااثر شخصیت سمجھے جاتے تھے اور اس وقت کی سندھ اسمبلی سے منسلک شمالی سندھ کے سیاستدانوں میں ان کا بڑا اثر تھا۔

ذرائع کے مطابق میاں مٹھو کے والد میاں عبدالرحمان عرف بھورل سائیں کی وفات کے بعد جب ان کے سوتیلے بھائی میاں عبدالرحیم کو گدی نشین بنایا گیا تو میاں مٹھو نے شدید اعتراض کیا اور بعد میں جب میاں عبدالرحیم قتل ہو گئے تو ان کے قتل کا الزام میاں مٹھو اور ان کے سگے بھائیوں پر لگا۔ 

اس کے بعد میاں مٹھو اپنے بھائیوں میاں اچھل اور میاں شمن کے ساتھ بھرچونڈی سے نقل مکانی کر کے ڈہرکی ریلوے سٹیشن کے پاس رہنے لگے اور لوگ انھیں سٹیشن والے پیر کہا کرتے تھے۔ ان کو بھرچونڈی کی درگاہ پر آنے کی اجازت نہیں تھی۔

بعد ازاں حروں کے روحانی پیشوا شاہ مردان شاہ عرف پیر پگارا نے سوتیلے بھائیوں میں صلح کرائی تب میاں مٹھو کو درگاہ جانے کی اجازت ملی۔ 

مزیدخبریں