ڈیڑھ کروڑ پاکستانیوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا گیا، محمد زبیر

01:02 PM, 8 Apr, 2021

ڈیڑھ کروڑ پاکستانیوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا گیا، محمد زبیر

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ڈیڑھ کروڑ پاکستانیوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ تیسرا سال ختم ہو رہا ہے لیکن پاکستانی معیشت کی سمت کا پتا نہیں ہے۔ وزیراعظم کو بار بار اپنی معاشی ٹیم تبدیل کرنا پڑ رہی ہے۔ حکومت کے 3 سال ختم نہیں ہوئے، 3 وزیر خزانہ تبدیل کر دیے گئے۔ معیشت ڈوب رہی ہے لیکن ہمیں پتا نہیں کہ ملک کا وزیر خزانہ کون ہے؟

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حماد اظہر نے دعویٰ کیامعیشت بہترین چل رہی ہے لیکن ڈیڑھ کروڑ پاکستانیوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا گیا ہے۔ 74 سال میں 2 فیصد سے کم گروتھ ریٹ شاید ہی رہا ہو۔ حماد اظہر نے معیشت سے متعلق بڑے بڑے دعوے کر دیئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا اگلے ساتھ گروتھ ریٹ کی شرح 4 فیصد ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کئی بار ایسی باتیں کر دیتے ہیں جن کو سن کر ہنسی آتی ہے۔ ایسا نہیں لگتا کہ وہ پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ پہلے عمران خان کہتے تھے کہ ان کے پاس ٹیم تیار ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ عام آدمی عمران خان، حماد اظہر اور ورلڈ بینک رپورٹ نہیں دیکھتا۔ آمدنی نہیں مہنگائی بڑھ رہی، ہر نیا دن مشکل ہو رہا ہے۔ ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں کہ بجلی کا بل کم کر دیا، ایسے بجلی کا بل کم کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تجزیہ ضروری بنتا ہے کہ پاکستانی معیشت کس طرف جا رہی ہے۔ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ان کو بھی وزیر خزانہ کی آفر ہوئی، اب حماد اظہر کے ساتھ ان کو بھی بٹھا دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں