لاہور: آمدن سے زائد اثاثے کیس میں نیب نے شہباز شریف کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔ طلبی کا نوٹس 96 ایچ بلاک ماڈل ٹائون میں موصول کروا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، ن لیگ کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو کل صبح 11 بجے نیب میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا، نیب نے 3 دسمبر 2018 کو شہباز شریف کو بھیجوائے گئے سوالنامے کے جوابات بھی لانے کا حکم دے دیا۔ شہباز شریف سے نصرت شہباز کے اکائونٹ میں منتقل ہونے والی رقم سے متعلق بھی سوال جواب ہوں گے۔
دوسری جانب نیب نے حمزہ شہباز کو 10 اپریل کی صبح 11 بجے طلب کیا ہے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ دیئے گئے سوالنامے سے متعلق جوابات جمع کروائیں۔ نیب نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں 9 اپریل کو طلب کر رکھا ہے۔