ابوظبی : متحدہ عرب امارات ، قطر اور سلطنت عمان نے تیل کے نرخوں میں اضافہ کردیا۔ سعودی عرب، بحرین اور کویت نے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق امارات میں پیٹرول کے نرخوں میں فی لیٹر 19فلس کا اضافہ ہوگا۔اعلی درجے کے پیٹرول کی قیمت مارچ کے دوران 2.04درہم تھی اپریل میں اس کی قیمت 2.23درہم کردی گئی۔ امارات میں پیٹرول کے نرخ مسلسل دوسرے ماہ بڑھائے گئے ہیں۔
اماراتی وزارت توانائی و صنعت ہر ماہ تیل کے عالمی نرخوں کے تناسب سے اپنے یہاں پیٹرول کے نرخوں میں کمی بیشی کرتی ہے۔
قطر نے مارچ کے مقابلے میں اپریل کے دوران اعلی اور عام پیٹرول نیز ڈیزل کے نرخوں میں 11فیصد سے زیادہ کا اضافہ کردیا۔
قطر میں اعلی درجے کا ایک لیٹر پیٹرول مارچ کے مقابلے میں 15.6فیصد مہنگا ہوگا۔ ایک لیٹر 1.85قطری ریال میں فروخت ہوگا جبکہ مار چ میں اسکی قیمت 1.60ریال تھی۔
قطر میں ایک لیٹر عام پیٹرول کی قیمت 16.1فیصد بڑھا دی گئی۔ مارچ میں ایک لیٹر عام پیٹرول 1.55ریال تھی اب یہ 1.80ریال کردی گئی۔
قطر میں ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت مارچ میں 1.85ریال تھی اپریل میں 1.95ریال مقرر کردی گئی۔
سلطنت عمان میں اعلی درجے کے ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت ماہ اپریل کے دوران 214پیسہ کردی گئی۔ مارچ میں 209پیسہ میں ایک لیٹر عمدہ پیٹرول فروخت کیا جارہا تھا۔
عمان میں عام درجے کا ایک لیٹر پیٹرول مارچ میں 198پیسے میں فروخت ہورہاتھا۔ اب اسکی قیمت 203پیسہ کردی گئی۔
سلطنت عمان میں مارچ کے دوران ایک لیٹر ڈیزل 238پیسہ میں فروخت ہورہا تھا۔ اب اسکی قیمت 245پیسہ ہوگئی۔