جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی

09:13 AM, 8 Apr, 2019

اسلام آباد: احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران دو ملزم خواتین نے گواہ بننے کی درخواست کردی۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی اکاؤنٹس کیس میں پہلی مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

جج ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر کرن اور نورین نامی 2 ملزم خواتین نے گواہ بننے کی درخواست دائر کی۔

خواتین ملزمان نے کہا کہ ہمارا نام ملزمان میں ہے لیکن ہم گواہی دینے کو تیار ہیں اور ہم نے چیئرمین نیب کو بھی درخوست لکھی ہے۔

جج ارشد ملک نے خواتین ملزمان سے سوال کیا کیا آپ وعدہ معاف گواہ بنیں گی جس پر دیگر ملزمان کے وکلا نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ معاف گواہ بننے کا یہ کوئی اسٹیج نہیں ہے۔

فاضل جج نے نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی سے استفسار کیا خواتین کی درخواست پر آپ کیا کہتے ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں چیک کرنا ہوگا کہ کوئی درخواست نیب میں ہے یا نہیں۔

عدالت نے دونوں خواتین کو الگ، الگ تحریری درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کر تے ہوئے سماعت 16 اپریل تک کے لیے ملتوی کردی۔

اس سے قبل سماعت شروع ہوئی تو آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور سہیل انور سیال بھی عدالت میں موجود ہیں۔

آصف زرداری نے جیالوں کو احتساب عدالت آنے سے روک دیا جب کہ اس موقع پر وفاقی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پولیس کے 2 ہزار جوان سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جب کہ رینجرز کے 200 اہلکار بھی نیب کورٹ کے اطراف تعینات ہیں۔

مزیدخبریں