دمشق:شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے غوطہ میں انسانیت پر بم گرانے کا کھیل جاری ہے 'دوما' شہر کو بھی نشانہ بنا یا جارہا ہے جبکہ شامی فورسز کے کیمیائی حملے میں بچوں سمیت 70 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق شام میں ایک بار پھر اسدی افواج نے معصوم شہریوں پر کیمیائی گیس کا حملہ کرد یا جبکہ تازہ حملے میں پورے پورے خاندان ابدی نیند سوئے ہیں جس کے باعث دنیا بھر میں اس کی مذمت کی جارہی ہے۔کیمیائی حملے کے بعد امریکہ نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شامی حکومت کی حمایت ختم کرے۔
امدادی کارکنوں نے کہا ہے کہ دوما میں کم از کم ڈیڑھ سوافراد ممکنہ طور پر زہریلی گیس کے حملے میں جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ شامی حکومت نے کیمیائی حملے کی خبروں کو من گھڑت قرار دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ان اطلاعات کا جائزہ لے رہا ہے اور یہ کہ اگر ایسا ہوا ہے تو پھر روس کو اس مہلک کیمیائی حملے کا ذمہ دار سمجھنا چاہیے جو شامی حکومت کی حمایت میں لڑ رہا ہے۔