بغداد :عراق کے شمالی شہر موصل میں جنگی جرائم میں ملوث شدت پسند گروپ داعش نے فرار کی کوشش کرنے والے متعدد شہریوں کو قتل کرکے ان کی لاشیں بجلی کے کھمبوں سے لٹکا دی ہیں۔ غےر ملکی مےڈےا کے مطابق مغربی موصل میں جہاں داعش اور عراقی فورسز کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے وہاں پر عام شہری سنگین مشکلات سے دوچار ہیں۔
شہری داعش کے چنگل سے نجات پانے اور جنگ سے بچنے کے لیے نقل مکانی کی کوشش کررہے ہیں مگر دہشت گرد عناصر فرار کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کرکے انہیں قتل کرتے اور ان کی نعشیں کھمبوں سے لٹکا دیتے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موصل کی مرکزی جامع مسجد جہاں سے تین سال قبل داعش نے اپنی خود ساختہ خلافت کا اعلان کیا تھا کے اطراف میں لڑائی جاری ہے۔
ایک مقامی شہری نے غےر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ داعشی دہشت گردوں ’التنک‘ کالونی کے تین نوجوانوں کو فرار کی کوشش کے دوران پکڑ کر گولیوں سے چھلنی کردیا جس کے بعد ان کی لاشیں بجلی کے کھمبوں پر لٹکا دیں۔ کئی دوسرے افراد کی لاشیں بھی خستہ حالت میں کھمبوں پر لٹکائی گئی ہیں۔ ان تمام افراد کو مغربی موصل سے بھاگنے کی پاداش میں قتل کیا گیا۔