واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ شام کے فضائی اڈے پر حملوں کے روسی ردعمل سے امریکا کو مایوسی ہوئی ہے لیکن حیرت نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ روسی ردعمل سے مایوس ہوئے ہیں ۔ اس سے یہ بات صاف ہے کہ روس بشار الاسد کی حکومت کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
خاص طور پر اس وقت جب شامی حکومت نے اپنے ہی لوگوں کے خلاف اندوہناک کارروائیاں کی ہیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ میں کافی مایوس ہوں لیکن افسوس کے ساتھ مجھے کہنا پڑتا ہے کہ مجھے حیرانی نہیں ہوئی۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں امریکہ نے کہا کہ امریکہ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ شام دوبارہ کبھی کیمیائی ہتھیاروں کو استعال نہ کر سکے جبکہ روس نے امریکہ کو شام پر دوبارہ میزائل حملہ کرنے کی صورت میں سخت نتائج کی تنبیہ کی ہے۔