اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہےکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بے مثال خدمات و لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بے مثال خدمات و لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے 1965 کی جنگ میں فضاؤں میں مکمل حکمرانی قائم کی، ایم ایم عالم نے ایک منٹ کے اندر دشمن کے 5 طیارے تباہ کر کے تاریخ رقم کی۔پاک فضائیہ کے شہداء کی بہادری اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، دشمن کے حملے کو ناکام بنانے میں پاک فضائیہ کا کردار تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 7 ستمبر کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مکار دشمن کی فضائی طاقت کا غرور ملیامیٹ کر دیا، پاکستان کے شاہینوں نے جرأت، شجاعت اور بہادری کی انمٹ داستانیں رقم کیں، 7ستمبر 1965ء کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔