لندن:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ ایک سیاسی جماعت پاکستان پر حملہ آور ہے، پتا نہیں ہم کب سیاسی طور پربالغ ہوں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام یوم دفاع کی مناسبت سے لندن میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہاکہ ایک سیاسی جماعت پاکستان پر حملہ آور ہے، پتا نہیں ہم کب سیاسی طور پربالغ ہوں گے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نشستیں ملنی چاہئیں، پاکستان کا مستقبل صرف جمہوریت میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ متفقہ طور پر میثاق جمہوریت کیا، پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو میثاق جمہوریت کیلئے دعوت دی۔نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھ پر ٹیکس ریٹرن نہ کرنے کا بھونڈا الزام لگایا گیا تھا، بروقت انصاف نہ ملنےکے سبب مجھےبرطانیہ میں قیام کرنا پڑا۔
گزشتہ حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے جمہوری طریقے سےگھربھیجا، سابق حکومت نے فتنہ الخوارج کیلئے سرحدیں کھولیں، دہشتگردی کودوبارہ جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے۔