پشاور : پشاور میں ایف آئی اے ٹیم نے چوک یادگار پر حوالہ ہنڈی اور امریکی ڈالرز سمیت غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کرنسی مارکیٹ کو سیل کر دیا۔
پشاور میں ایف آئی اے ٹیم نے مقامی پولیس اور ایل ای اے کے ساتھ مل کر چوک یادگار پشاور میں حوالہ ہنڈی اور امریکی ڈالرز سمیت غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ اس دوران کرنسی کے غیرقانونی کاروبار کے گڑھ چوک یاد گار کرنسی مارکیٹ کو سربمہر کر دیا۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے کسی بھی علاقے میں کسی کو بھی امریکی ڈالرز کی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کا غیرقانونی کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اگر کوئی بھی اس غیرقانونی کاروبار میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایف آئی اے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرنسی کے غیرقانونی کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔