اسلام آباد: اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے فراڈ کیس میں سابق رکنِ قومی اسمبلی علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں جج راجہ جواد عباس نے علی وزیر کے خلاف فراڈ کیس کی سماعت کی۔ سابق رکنِ قومی اسمبلی علی وزیر کو 3 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے آغاز میں پراسیکیوشن کی جانب سے علی وزیر کے مزید 6 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
جج راجہ جواد نے علی وزیر کے لیے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت نے فراڈ کیس میں علی وزیر کی درخواستِ ضمانت پر فریقین کو 11 ستمبر کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔