ملک بھر میں یوم فضائیہ قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

 ملک بھر میں یوم فضائیہ قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
سورس: File

اسلام آباد:  7ستمبر 1965 کی جنگ میں بھارتی جارحیت کے خلاف ملک کی فضائی حدود کے محافظوں کی بہادری کو یاد کرنے کے لیے آج یوم فضائیہ قومی فخر کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

1965 کی جنگ میں پاکستان کے بہادر پائلٹوں نے محدود وسائل کے باوجود نہ صرف بھارتی فضائی حملوں کو پسپا کیا بلکہ فضائی لڑائی میں بے مثال مہارت اور غیر متزلزل جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔

جنگ ستمبر میں پاکستان ائیر فورس نے بھارتی سورما وں کو ناکوں چنے چبوا دیئے، پاک فضائیہ کے ہوا باز سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں ایک ڈاگ فائٹ کے دوران 5 انڈین ہنٹر جنگی طیارے ایک منٹ کے اندر مار گرائے۔

ان کا یہ کارنامہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔ اس مشن میں ایم ایم عالم نے ایف 86 سیبر طیارہ اڑایا۔ مجموعی طور پر ایم ایم عالم نے 9 طیارے گرائے اور 2 کو نقصان پہنچایا۔

آج 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ کے موقع پر نشان حیدر یافتہ راشد منہاس شہید کے مزار پر پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایئر وائس مارشل خالد محمود نے راشد منہاس شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے، تقریب میں راشد منہاس شہید کے بھائی انجم منہاس بھی شریک تھے۔

مصنف کے بارے میں