اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ جعلی سازی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ بشری بی بی اپنے وکلا سلمان صفدر،انتظار پنجوتھا، نعیم پنجوتھا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ انہیں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب ہے۔ تفتیشی آفیسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سابق خاتون اول کی آڈیو فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ معاملہ رسیدوں کا ہے تو آڈیو کہاں سے آگئی، ایف آئی آر کے مطابق کیس کو لے کر چلیں۔
وکیل سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کہ تین تین گھنٹے بلایا جاتا ہے اور بٹھائے رکھتے ہیں،دوران تفتیش یہ بھی بتایا گیا کہ آڈیو بشری بی بی کی نہیں۔
تفتیشی آفیسر نے عدالت سے استدعا کی کہ وائس میچنگ کے لیے وقت دیا جائے،عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔