امام حسینؓ و شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

امام حسینؓ و شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
سورس: File

لاہور: نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ چھوٹے بڑے شہروں سے چہلم کے جلوس برآمد ہوں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی یاد میں چہلم 20 صفر المظفر کو منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی امام بارگاہوں میں چہلم کی مناسبت سے مجالس عزاء برپا ہونگی جس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز علماء اور ذاکرین شہدائے کربلا کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے نواسہ رسول اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ علم ذوالجناح پر مشتمل ماتمی جلوس بھی نکالے جائیں گے۔ دوران جلوس عزادار ماتم داری اور نوحہ خوانی کریں گے جبکہ زنجیر زنی بھی کی جائے گی۔

 پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سہولت بھی معطل ہے۔

 لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کی سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپارک سے برآمد ہوگا اور کھارادر حسینیاں ایرانیاں پرختم ہوگا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر کنٹینر رکھ کر راستوں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ چہلم کے جلوسوں کے روٹ پر اور اطراف میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

سندھ حکومت نے حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر آج تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت نجی اور سرکاری اسکول بند رہیں گے۔

کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی جلوس برآمد کئے جائیں گے۔

مصنف کے بارے میں