لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے پاکستان پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے اور پی یو جے سمیت تمام نمائندہ صحافتی تنظیموں نے ملاقات کی ۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی متنازعہ بل ہے اس پر نظر ثانی کی جائے اور میرا نہیں خیال کہ وزیراعظم عمران خان ایسے متنازعہ بل کی منظوری دیں گے جبکہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پاکستان کی ترقی کیلئے بھی بہت ضروری ہے اور میڈیا کی آزادی پر کسی قسم کی بھی قدغن لگانا ہمارے اپنے مفاد میں نہیں جبکہ ٹھنڈے دل سے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کو سمجھانا پڑے گا کہ بلدیاتی اور عام انتخابات دور نہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے بھی امید کرتے ہیں کہ وہ میڈیا کی تنقید کو مثبت انداز میں لیں گے اور میڈیا کے خلاف بل میں متنازعہ شق فوری واپس لی کیونکہ اس میں انا کا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا اور ہمیشہ میڈیا کی آزادی اور اس کے ورکرز کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا جبکہ آزاد میڈیا پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے انتہائی ضروری ہے۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے دور حکومت میں الیکٹرانک میڈیا کے ریکارڈ لائسنس جاری ہوئے اور اپنے دور حکومت میں بھی میڈیا کی تنقید کو کھلے دل سے قبول کیا اور میڈیا کی تنقید سے ہمیشہ اصلاح کا پہلو لیا۔