حکومت نے عوام کیلئے ایسا کوئی کام نہیں کیا جو انہیں ریلیف دینے کا باعث ہو: سعد رفیق

04:04 PM, 7 Sep, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کیلئے ایسا کوئی کام نہیں کیا جو انہیں ریلیف دینے کا باعث ہو ، حکومت کے پاس صرف دعوے اور کھوکھلے نعرے ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم ووٹ پر پہرہ دینے کیلئے تیار ہیں ، اگر ہمارے ساتھیوں کی پکڑد ھکڑ ہوئی تو سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے ۔ پی ٹی آئی والوں سے کہتا ہوں وہ ماردھاڑ سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی طرح کی خرابی نہ کرے ۔ پی ٹی آئی کے ایک سینیٹر ہیں جو لاہور کے کنٹونمنٹ ایریا میں گھومتے پھرتے ہیں ۔ ووٹ چوری کرنے کی عادت ختم کر دیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور جمہوریت کی حکمرانی نہیں ، یہ جلد قائم ہوگی ۔ حکومت کا این آر او اور کرپشن کا چورن زیادہ دیر بکنے والا نہیں ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے اپنے حلقہ کے عوام کیلئے کوئی کام نہیں کیا ، عمران خان یہاں سے ووٹ لے کر گئے دوبارہ نہیں آئے ۔ والٹن روڈ پر بغیر بارش کے پانی کھڑا رہتا ہے جسے ہٹایا نہیں جاتا ، والٹن روڈ کی اس وقت جو ابتر حالت ہے یہ پہلے نہ تھی ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف سبزباغ دکھا رہی ہے ، عوام انہیں پہچان چکے ہیں ۔ حکومت ترقیاتی کاموں کے نام پر عوام سے فراڈ کر رہی ہے یہ بند کرے ۔ عمران خان صرف باتیں کرتے ہیں کام کرنا ان کے بس کی بات نہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب 3 سال گزار چکے ہیں اگلے 2 سال بھی سکون سے گزاریں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں میڈیا کے ساتھ کھڑی ہیں اور ان کیلئے آواز بلند کر رہی ہیں ۔ حکومت میڈیا ڈویلپمنٹ کے نام پر صحافیوں کو اپنے زیراثر لانا چاہتی ہے ۔ درجنوں صحافیوں سے مارپیٹ کے کیسز سمیت دیگر بہت سے کیسز ہیں ۔

مزیدخبریں