اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر ایک ایسی ٹیکنالوجی تیار کر لی گئی ہے جس کی مدد سے عام صارفین کے بجلی بلوں میں ساٹھ فیصد تک کمی آئے گی۔
یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے واٹر موٹر، پنکھوں اور دیگر الیکٹرک آلات میں بجلی کی بچت کیلئے ایک ایسی جدید ٹیکنالوجی تیار کی ہے جس سے بجلی کا بل 60 فیصد تک کم آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی ٹیکنالوجی سے بننے والی اشیا سے بجلی کم استعمال ہوگی، اسی بچت شدہ الیکٹرسٹی کو ہم صنعتوں سمیت دیگر شعبوں میں استعمال کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بجلی کے بلوں کی باقاعدگی سے ادائیگی کرنے والے صارفین کو لوڈشیڈنگ کی دقت سے بچانے کے لئے توانائی ڈویژن کو ہدایت دی کہ وہ ایسے گرڈ سٹیشنز میں جہاں وصولیوں کا تناسب کم ہے وہاں جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لائیں تاکہ باقاعدگی سے ادائیگی کرنے والے صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت گزشتہ روز مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ توانائی ڈویژن نے اجلاس کو بجلی کی پیداواری اضافے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
یہ منصوبہ بندی دس سال کے لیے کی جاتی ہے جس میں ہر سال طلب و رسد کے مطابق ان تخمینوں کا جائزہ لیا جاتا ہے اور ضروریات کے مطابق حکمت عملی میں ضروری تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔اس پلان کا مقصد توانائی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کرنا اور صارفین کوسستی بجلی فراہم کرنا ہے۔
توانائی ڈویژن نے آگاہ کیا کہ اس ضمن میں تمام صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر حکومت سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے بجلی کے بلوں کی باقاعدگی سے ادائیگی کرنے والے صارفین کو لوڈ شیڈنگ کی دقت سے بچانے کے لئے توانائی ڈویژن کو ہدایت دی کہ وہ ایسے گرڈ اسٹیشنز میں جہاں وصولیوں کا تناسب کم ہے وہاں جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لائیں تاکہ باقاعدگی سے بلز ادا کرنے والے صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئی جی سیپ کا بنیادی مقصد توانائی کے شعبے میں مستقبل کے لئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنا ہے تاکہ ضرورت کے مطابق بجلی کی پیداوار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو کم قیمت پر بجلی فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کے حکومت بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے طریقہ کار میں اصلاحات لا رہی ہے تاکہ اس نظام کو موثر بنایا جا سکے۔
مشترکہ مفادات کونسل نے مجوزہ آئی جی سیپ تخمینوں کی منظوری دی۔کونسل نے پن بجلی کو قابل تجدید توانائی کے اہداف میں شامل کرنے کے منظوری دی۔کونسل نے توانائی ڈویژن کو ہدایت کی کہ “وہیلنگ” پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کا نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔