طالبان نے افغانستان میں امدادی کارکنوں کے تحفظ کا وعدہ کیا ہے، اقوام متحدہ  

07:43 AM, 7 Sep, 2021

نیویارک: اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ طالبان نے اقوام متحدہ کے انسانی امور کے انڈر سیکرٹری جنرل مارٹن گریفتھس کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں افغانستان میں انسانی امدادی ورکرز کے تحفظ اور امداد تک رسائی کی ضمانت دینے کا وعدہ کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ اقوام متحدہ کے انسانی امور کے انڈر سیکرٹری جنرل مارٹن گریفتھس گزشتہ روز افغانستان کے دورے پر کابل پہنچے اور افغانستان میں ملابرادر اور طالبان کی قیادت کے ساتھ ملاقات کی اور انسانی مسائل پر بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ طالبان نے عہد کیا ہے کہ افغانستان میں انسانی امدادی ورکرز کی سلامتی اور تحفظ ، امداد کے منتظر افراد کی انسانی امداد تک رسائی اور امدادی ورکز کی آزادانہ نقل و حرکت کی ضمانت ہو گی ۔

بیان کے مطابق مارٹن گریفتھس نے زور دیا کہ انسانی برادری آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے نیز انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ امداد کی فراہمی کی خدمات سرانجام دینے والی خواتین ورکرز اور خواتین شہریوں کے تحفظ اور حقوق کو یقینی بنائیں۔

طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے ایک ٹویٹ کہا کہ ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں طالبان کے وفد نے افغان عوام کو مسلسل انسانی امداد کی فراہمی کا وعدہ اور تعاون اور ضروری سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرانے پر اقوام متحدہ کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے سیاسی مشن کی مدت طے شدہ شیڈول کے مطابق 17 ستمبر کو ختم ہونا ہے۔

مزیدخبریں