کراچی میں غیرت کے نام پر ملزم نے اپنے کزن کو قتل، بہن کو زخمی کر دیا

12:15 AM, 7 Sep, 2021

کراچی: گلشن اقبال میں ایک شخص نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنے کزن کو قتل اور بہن کو شدید زخمی کر دیا۔

مبینہ ٹاؤن پولیس کے مطابق ملزم نے 20 سالہ گلناز صدیق اور 22 سالہ ماجد حسین پر قائداعظم کالونی بلاک 1 میں ایک چھرے سے حملہ کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور انہیں عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ماجد حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس نے لڑکی کے بھائی محمد شیراز کو گرفتار کر لیا اور جائے حادثہ سے خون آلود چُھرا برآمد کر لیا اور ملزم نے مبینہ طور پر متاثرہ افراد کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر وار کیے۔ ایس ایچ او فیض الحسن نے بتایا کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے غیرت میں آ کر حملہ کیا اور قاتل نے اپنے عمل پر کوئی پچھتاوا ظاہر نہیں کیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان اور زخمی خاتون چچا زاد کزن تھے اور ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔

خیال رہے کہ پچھلے سال ایک پولیس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ صوبہ سندھ میں 2014 سے 2019 کے درمیان 510 خواتین سمیت 769 افراد نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کر دیے گئے تھے۔ 

مزیدخبریں