کورونا وائرس ،دنیا بھر میں ہلاکتیں 887557تک پہنچ گئیں

کورونا وائرس ،دنیا بھر میں ہلاکتیں 887557تک پہنچ گئیں

نیویارک : مہلک وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں  ہلاکتوں کی تعداد 887557تک پہنچ گئی جبکہ متاثرین 2کروڑ 72لاکھ 93سے تجاوز کر گئے  ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں اب تک ایک کروڑ 93 لاکھ 78 ہزار 823 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اوراس وقت ایکٹو کیسز کی تعداد 70 لاکھ 27 ہزار ہے۔

امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 64 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہو گئی  اور وہاں ایک لاکھ 93 ہزار 250 اموات ہوئیں۔بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو ا اور اب بھارت کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا۔ بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 4 ہزار سے تجاوز کر گئی۔برازیل کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں مریضوں کی تعداد 41 لاکھ 37 ہزار سے زائد اور ایک لاکھ 26 ہزار 686 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

روس کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے جہاں 10 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 17 ہزار 820 ہو گئی ہے۔پیرو میں بھی 6 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 29 ہزار 838 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کولمبیا میں کورونا وائرس سے 21 ہزار 412 اموات ہوئی ہیں جبکہ 6 لاکھ 66 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔جنوبی افریقہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار 889 ہو گئی ہے جبکہ 6 لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

میکسیکو میں 6 لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور 67 ہزار 558 اموات ہوئی ہیں۔کورونا کے پہلے 50 لاکھ کیسز 185 دن رپورٹ ہوئے جبکہ آخری 50 لاکھ کیسز صرف 18 دنوں میں سامنے آئے۔ کوروناوائرس کا پہلا کیس17 نومبر 2019 کو رپورٹ ہوا تھا اور 6 مارچ کو دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے زائد ہوگئی۔دنیا بھر میں 20 مئی کو  کورونا کیسز کی تعداد 50 لاکھ ہوگئی جب کہ 27 جون کو یہ تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوگئی۔ 22 جولائی کو مجموعی کیسز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ ہوگئی۔ دنیا بھر میں 9 اگست کو مجموعی کیسز کی تعداد 2 کروڑ سے زائد تھی۔