اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سماجی اور معاشی نظام کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر 6 رکنی ٹاسک فورس قائم کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم عمران خان نے سماجی اور معاشی نظام کی بہتری کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے، ڈاکٹر جاوید اصغر 6 رکنی ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے ، دیگر اراکین میں کامران لاشاری، سلیم غوری، ڈاکٹر اکرم کاہلوں شامل ہیں ۔
ذرائع کے مطابق ایک رکن وزیر اعظم نامزد کریں گے، جوائنٹ سیکرٹری وزیر اعظم آفس ٹاسک فورس کے سیکرٹری ہوں گے، ٹاسک فورس کے لیے 8 نکاتی ٹی او آرز بھی بنا دیے گئے۔
ٹی او آرز کے مطابق ٹاسک فورس شہریوں کی فلاح کے لیے کم لاگتی منصوبے ترتیب دے گی، فورس تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے منصوبے اور حل دے گی۔ کم لاگت والے کاروباری منصوبے تلاش کرنے سے متعلق بھی کام کرے گی۔