کراچی : کراچی ائیر پورٹ پر سگریٹ ، پان ، نسوار اور گٹکے کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے , سول ایوی ایشن نے متنبہ کیا ہے کہ پابندی کے فیصلے کا اطلاق ایئرپورٹ کے تمام عملے پر بھی ہوگا اور اگر کوئی پان، نسوار اور گٹکا استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ پر صفائی کے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
کراچی ایئرپورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق یہاں پر سالانہ 12 ملین مسافروں کی آمدرفت کی سہولت موجود ہے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کی قومی ایئر لائن سمیت نجی فضائی کمپنیوں کا بھی مرکز ہے جہاں انجینئرنگ کے شعبوں سمیت دیگر کئی اور شعبے بھی موجود ہیں۔
اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر میں حج پروازوں سے قبل نسوار لے کر جانے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی ، نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ عرب ممالک نے نسوار کو بھی منشیات کی فہرست میں شامل کر دیا ہے لہٰذا جس مسافر سے بھی نسوار برآمد ہوئی اس کے خلاف سخت قدم اٹھایا جائے گا۔
کراچی سمیت پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر پوسٹر اور بینر بھی آویزاں کیے گئے ہیں جن میں مسافروں کو نسوار لے جانے کے سنگین نتائج سے متنبہ کیا گیا تھا۔ پاکستان میں اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت 27 کے قریب فعال ایئرپورٹس ہیں جن میں سے نو ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی حیثیت دی گئی ہے جبکہ باقی اندرون ملک پروازوں کے لیے مختص ہیں۔