لاہور: سیشن کورٹ نے سابق وزیراعظم نوار شریف کے داماد کپیٹن ریٹائرڈ صفدر کی عبوری ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع کر دی اور انہیں اپنے خلاف مقدمے کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دے دیا۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اپنے خلاف مقدمے میں گرفتاری کے خدشے پر ضمانت کی درخواست دائر کی جس پر ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اپنے وکلا کیساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست ضمانت میں نشاندہی کی گئی کہ پولیس نے ان کی بیوی کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد پولیس اہلکاروں سے ہاتھ پائی کا مقدمہ درج کیا ہے۔
درخواست ضمانت میں دعویٰ کیا گیا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف حقائق کے برعکس سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا ہے۔ وکیل نے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے موکل کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ اس لیے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے کپیٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار نہ کرنے کے عبوری حکم میں توسیع کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ تفتیش مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔