آج ملک بھر میں یوم فضائیہ قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

09:59 AM, 7 Sep, 2019

اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم فضائیہ بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب منعقد ہوئی اور ان کی قبر پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی جبکہ پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن نے کہا پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا راشد منہاس شہید کی قربانی مشعل راہ ہے اور پاک فضائیہ وقت آنے پر قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ دشمن کو بھرپور جواب دیں گے۔

یوم فضائیہ کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہو گی جس سے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان خطاب کریں گے جبکہ نور خان سمیت تمام ائیر بیسز پر بھی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ یوم فضائیہ کے موقع پر شاہینوں کے کارناموں اور شہدا کی قربانیوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔

جنگ ستمبر میں پاکستان کی فتح میں پاک فضائیہ کا کردار کلیدی تھا۔ ایم ایم عالم نے صرف ایک منٹ 5 بھارتی طیارے گرا کر دشمن کی کمر توڑ دی۔ شاہین بھارتی فضائیہ پر ایسے جھپٹے کہ صرف دو دنوں میں 50 بھارتی طیارے ٹھکانے لگا کر اپنے سے تین گنا بڑی فضائی طاقت کو شکست دے دی۔

مزیدخبریں