عمران خان نے احسان مانی کی ماجد خان کو پی سی بی کا سی ای او بنانے کی تجویز مسترد کر دی

05:50 PM, 7 Sep, 2018

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف نے بورڈ کے نو منتخب چیئرمین احسان مانی کی جانب سے سابق اوپننگ بلے باز ماجد خان کو پی سی بی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر بنانے کی تجویز مسترد کردی ہے۔

پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں پہلی سنچری بنانے کا اعزاز رکھنے والے ماجد خان قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وزیر اعظم عمران خان کے کزن ہیں اور دونوں نے ایک عرصے تک ساتھ کرکٹ بھی کھیلی ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ ماجد خان چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کے لیے سب سے بہترین اور موزوں ترین شخصیت ہیں لیکن عمران خان اپنے کسی بھی رشتے دار کو عہدہ دینے سے کترا رہے ہیں۔

احسان مانی نے چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں بورڈ کے چیئرمین کی جانب سے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ بھی رکھنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے بورڈ میں چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو دونوں ایک ہیں اور دنیا کے کسی بھی بورڈ میں ایسا نہیں ہے۔

چیئرمینپی سی بی نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ چیئرمین کا کام پالیسیوں پر چیف ایگزیکٹو کے ذریعے عمل درآمد کرانا ہے اور چیف ایگزیکٹو بورڈ کی مینجمنٹ کا ذمے دار ہوتا ہے لہٰذا ہم ان دونوں عہدوں کو الگ الگ رکھیں گے۔

احسان مانی کسی اہل اور موزوں شخص کو چیف ایگزیکٹو کا عہدہ دینے کے خواہشمند ہیں اور اس عہدے کے لیے ماجد خان سب سے مضبوط اور بہترین امیدوار ہیں کیونکہ وہ ماضی میں بھی یہ ذمے داری خوش اسلوبی سے انجام دے چکے ہیں لیکن عمران خان اپنے کسی بھی رشتے دار کو عہدہ دینے سے کترا رہے ہیں ۔

مزیدخبریں