نئی دہلی: پاک بھارت سرحد کرتار پور صاحب کا راستہ سکھ یاتریوں کے لیے کھولنے پر سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرتارپورصاحب کا راستہ کھولنے کے معاملے پر کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ایک قدم چلے ہیں تو بھارت بھی قدم اٹھائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذہب کے معاملے پر سیاست کرنا ٹھیک نہیں اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے جذبہ خیر سگالی پر کسی کو سوال نہیں اٹھانا چاہیے۔
نوجوت سنگھ سدھو کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں نے پاکستان سے متعلق بھارتی حکومت کی پالیسی میں کبھی مداخلت نہیں کی۔
یاد رہے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت سے مذاکرات کیلئے پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے لیکن ابھی تک نئی دہلی حکومت کی جانب سے جانب سے مثبت جوابی اشارے نہیں ملے۔ پاکستان کی حکومت اور فوج دونوں ہی خطے میں امن کے لیے بھارت سے بات چیت کرنے کی خواہشمند ہے۔
ایک سوال پر وزیراطلاعات نے کہا پاکستان جلد سکھ یاتریوں کے لیے ’کرتار سنگھ‘ بارڈر کھول دے گا جس کے بعد یاتری ویزے کے بغیر آ سکیں گے۔