کابل: امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی وزیر دفاع دورے کے دوران افغانستان کے صدر اشرف غنی ، امریکی اور نیٹو فورسز کے نئے کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر سے ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ جیمز میٹس کا حالیہ مہینوں میں افغانستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔
امریکا اور اس کی اتحادی فورسز افغانستان میں برسرِ پیکار طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ گزشتہ 17 سال سے جاری شورش کے خاتمے میں مدد ملے۔
گزشتہ ماہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر افغان حکومت نے 3 ماہ کے لیے طالبان سے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جسے شدت پسند تنظیم نے مسترد کر دیا تھا۔
افغان طالبان کے ایک ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق سپریم کمانڈر ہیبت اللہ اخوند زادہ کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف لڑائی جاری رہے گی۔ ہماری جنگ بندی سے امریکی فورسز کو افغانستان میں قیام بڑھانے کا موقع مل جائے گا۔
دوسری جانب شدت پسند تنظیموں کی جانب سے افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف حملے بھی جاری ہیں۔
رواں ماہ 5 ستمبر کو بھی افغان دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 2 دھماکے ہوئے تھے۔ پہلا خود کش حملہ دشت برچی کے علاقے میں اسپورٹس کلب میں ہوا اور دھماکے کی جگہ پر امدادی کارکنوں، پولیس اہلکاروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد جمع ہونے کے بعد دوسرے خود کش بمبار نے بھی خود کو اڑا لیا۔
ان دونوں دھماکوں کے نتیجے میں کم از اکم 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔