لاہور : عالمی شہرت یافتہ جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کی پی ایس ایل میں شمولیت سے متعلق بڑا سرپرائز، ذرائع کے مطابق مایہ ناز جنوبی افریقی بلے باز ممکنہ طور پر لاہور قلندرز کا حصہ بنیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ہر گزرتے برس کے بعد پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے ستارے اس کہکشاں میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ کرکٹ کی دنیا میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بالرز کے چھکے چھڑانے والے دنیا کے بڑے کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش ہیں کہ جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل فور کھیلیں گے۔ پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاو¿نٹ پر بھی اس حوالے سے اشارہ دیا گیا تھا اور کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے صارفین کی بڑی تعداد نے یہی اندازہ لگایا تھا کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔
متعدد ذرائع نے بھی اے بی ڈویلیئرز کے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ بننے کی تصدیق کر دی ہے۔ پی ایس ایل سے جڑے ایک ذرائع نے میڈیاکو بتایا ہے کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے لیے آ رہے ہیں، وہ تقریباً 3 ہفتوں کےلئے دستیاب ہوں گے جس کا مطلب یہ کہ 34سالہ سٹار بلے باز ایونٹ میں 7 میچز کھیلیں گے۔ ذرائع کا مزید بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر پی ایس ایل کی ٹیم لاہور قلندرز کا حصہ بنیں گے۔