ووٹ کے تقدس کا وعدہ ہر صورت وفا کریں گے: مریم نواز

10:28 PM, 7 Sep, 2017

لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی جانب سے این اے 120 لاہور میں انتخابی مہم جاری ہے۔ مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ یوسی 60 میں ناراض لیگی کارکنوں کو منایا جائے۔  بیگم کلثوم نواز کو جتوانے کے لئے گھر گھر مہم بھی چلائی جائے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اسی حوالے سے یوسی 60 لاہور کے چیئرمین میاں اسلم سلیم نے مریم نواز سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران مریم نواز نے میاں اسلم سلیم کو ہدایت کی پارٹی کے ناراض کارکنوں کو جلد از جلد منایا جائے اور گھر گھر مہم بھی شروع کی جائے۔

اس موقع پر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) این اے 120 کا ضمنی الیکشن واضح اکثریت سے جیتے گی، مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو مسائل کو عوامی امنگوں کے مطابق حل کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کا وعدہ ہر صورت پورا کریں گے، عوام کے دلوں سے نوازشریف کی محبت نکالنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں میاں نواز شریف کے نااہلی کے بعد الیکشن کمیشن نے 17 ستمبر کو انتخابات شیڈول کئے ہیں۔ مریم نواز کی والدہ بیگم کلثوم نواز حلقہ میں مسلم لیگ (ن) کی نامزد کردہ امیدوار ہیں، بیگم کلثوم نواز کی علالت کے بعد مریم نواز نے انتخابی مہم چلانے کی کمان سنبھال رکھی ہے۔

مزیدخبریں