'پاکستان کی کامیابیاں قبول کرنے میں بعض ملک بخل سے کام لے رہے ہیں'

03:46 PM, 7 Sep, 2017

اسلام آباد: پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا واشنگٹن میں بیٹھے لوگوں کو پاکستان اور خطے کی حقیقی صورتحال کا ادراک نہیں۔ امریکا پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کا احترام کرے کیونکہ پاکستانی قوم کو قربانی کا بکرا نہیں بننے دیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہدہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے کھویا ہی ہے پایا کچھ نہیں ہے۔ نئے اتحاد بن رہے ہیں جبکہ ہمیں بھی نئی اور درست سمت کا تعین کرنا ہو گا۔ پاکستان واحد ملک ہے جو دہشت گردی کی جنگ جیت رہا ہے اور پاکستان کی کامیابیاں قبول کرنے میں بعض ملک بخل سے کام لے رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ امریکہ سے تعلقات ختم نہیں کر رہے اور معاملات ملکی مفادات کی نظر سے دیکھیں گے۔ امریکہ سمیت کسی بھی ملک سے تعلقات کو باہمی احترام پر مبنی دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں محتاط طریقے سے کہوں گا کہ ہم نئی پیرا ڈایم لائیں گے جبکہ وزیر اعظم نے بھی نئی پیرا ڈایم پر زور دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں شدت سے احساس ہے کہ دنیا ہماری قربانیوں کو دوسرے انداز میں دیکھتی ہے جسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک ماہ میں اندازاہ ہو گیا ہے پاکستان کی خارجہ پالیسی بحران کا شکار ہے تاہم افسران نے اس پر قابو پایا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں