فلوریڈا: بحر اوقیانوس میں بننے والے تاریخ کے خطرناک ترین طوفان ارما نے کیریبین میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ طوفان کے باعث متعدد عمارتیں اور مکانات تباہ ہونے سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
سینٹ مارٹن سمیت متعدد جزیرے مکمل طور پر تباہ اور ناقابل رہائشی ہو چکے ہیں۔ متعدد علاقے کئی کئی فٹ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے نقل و حرکت ناممکن ہو گئی ہے۔ فرانسیسی حکام نے بتایا کہ سینٹ مارٹن کا ہوائی اڈہ بھی ناقابل استعمال ہو گیا ہے۔
طوفان سے مچنے والی تباہی کی وجہ سے کیربین جزیرہ باربوڈا بھی ناقابل رہائش قرار دے دیا گیا ہے۔ طوفان ٹکرانے کے بعد امریکی جزیرے پورٹو ریکو میں شدید بارشیں ہوئیں اور طوفانی ہوائی چلیں جب کہ 30 لاکھ سے زائد افراد کو بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہو گئی۔ حکام کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے جب کہ بے گھر ہونے والے افراد بھی کھلے آسمان تلے پریشانی کے عالم میں بیٹھے ہیں۔ بعض جزیروں پر مقیم آبادی سے تمام رابطے منقطع ہو گئے ہیں جس کے باعث وہاں لوگوں کی جان و مال کے حوالے سے سخت خدشات پائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی ریاست فلوریڈا سمیت کئی علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ارما کو درجہ پانچ کا انتہائی خطرناک طوفان قرار دیا گیا ہے جو جس علاقے سے گزرتا ہے وہاں 185 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی ہیں اور شدید بارشیں ہو رہی ہیں۔ اس طوفان کو 10 سال میں بحر اوقیانوس کا خطرناک ترین طوفان قرار دیا گیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں