غزہ میں فوری جنگ بندی اور جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں ، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے: اے پی سی کا اعلامیہ

11:08 PM, 7 Oct, 2024

اسلام آباد: فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے صدر مملکت آصف زرداری کی میزبانی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔


ایوان صدر میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں صدر آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمیعت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، اے این پی کے ایمل ولی خان، مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سالک حسین، آئی پی پی کے رہنما علیم خان سمیت دیگر شریک ہوئے۔


اعلامیے کے مطابق فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔


اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اوآئی سی، عرب لیگ اوردیگر عالمی اداروں کی طرف سے امن و استحکام کیلئے سیاسی وسفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، اسرائیل عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہاہے، فلسطین کے عوام کو آزادی کے حصول کیلئے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا یقین دلاتےہیں۔

اعلامیے میں فلسطین پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا گیا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور اس کے علاقائی امن وسلامتی پر اثرات پربحث کیلئے ایک ہنگامی سربراہی اجلاس بلایا جائے۔


اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورزیاں، بشمول حالیہ جارحیت لبنان کے خلاف، مغربی کنارے میں حملے، تہران میں حماس کے رہنما کا قتل اور لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کا قتل جو علاقائی امن اور سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں، اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں 42 ہزار سے زیادہ جانیں ضائع ہوچکی ہیں، 96 ہزار سے زیادہ فلسطینی شدید زخمی ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ وسیع پیمانے پر تباہی اور تقریباً پورے غزہ کی آبادی کی نقل مکانی ہوچکی ہے، اے پی سی اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتی ہے، فلسطینی عوام پر مظالم کے فوری اور غیرمشروط خاتمے، جنگ بندی، غزہ کے محاصرے کے خاتمے، بلا روک ٹوک انسانی اور طبی امداد کی فراہمی اور اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین، جنگی جرائم اور نسل کشی کے عمل کے لیے جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کرتی ہے۔

اے پی سی فلسطینی عوام کو امداد فراہم کرنے میں اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے کردار کی حمایت کا اظہار کرتی ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اے پی سی فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت اور دیگر بنیادی حقوق کے حصول، نیز ایک قابل عمل، محفوظ، مربوط اور خود مختار ریاست فلسطین کے قیام جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو اور فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق 29 نومبرکو فلسطینی عوام سے یکجہتی کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔

مزیدخبریں