تہران: ایران نے ملک کے تمام ایئرپورٹس پر اچانک مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح6 بجے تک تمام پروازیں منسوخ کردیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ترجمان نے سرکاری نیوز ایجنسی کو تصدیق کی ہے کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر اتوار کی رات سے پیر کی صبح تک پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی رات ساڑھے 10 سے پیر کی صبح 6:30 بجے تک پروازیں بند رہیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی سول ایوی ایشن نے کہا کہ آپریشنل پابندیوں کی وجہ سے پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ پروازیں منسوخ ہونےکی مزید وضاحت نہیں کی۔
ایران کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل حملے کے جواب میں اسرائیل نے جوابی حملوں کی دھمکی دے رکھی ہے۔
قبل ازیں ایران کے وزیر تیل محسن پاکنزاد نے آج کھرگ میں ملک کی سب سے بڑی تیل تنصیبات کا دورہ کیا اور اس جگہ کی سیکورٹی کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کے لیے پاسداران انقلاب کے اعلیٰ فوجی کمانڈر سے ملاقات کی۔