نئی دہلی: آئی سی سی ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقا نے سری لنکا کو جیت کیلئے عالمی کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا 428 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 326 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی طرف سے کوشل مینڈس 76، چارتھ اسالنکا 79، داسن شناکا 68 اور کاسن راجیتھا 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
قبل ازیں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 428 رنز بنائے جو عالمی کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔ اس سے قبل 2015 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے 417 رنز بنائے تھے۔
جنوبی افریقا کے وینڈر ڈوسن نے 108 ، ایڈم مارکرم نے 106 اور کوئنٹن ڈی کاک نے 100 رنز بنائے۔
ایڈن مارکرم نے ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی۔ انہوں نے 49 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ اس سے قبل 2011 کے ورلڈ کپ میں کیون و برائن نے50 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
نئی دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ رہا، کپتان ٹمبا بووما محض 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم کوئنٹن ڈی کاک اور راسی وین ڈیر ڈوسن نے دوسری وکٹ کیلیے 204 رنز کی شراکت قائم کی۔
ڈی کاک 100 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،انکی اننگز میں 12 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، وین ڈیر ڈوسن 108 کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ملر 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ہینرک کلاسن نے 32 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے متھیشا پتھیرانا، ڈینوتھ ویلالگے اور دلشان مدوشنکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ رات میں اوس پڑنے کا امکان ہے اس لیے بالنگ کرنا چاہتے ہیں، انجریز سے ٹیم متاثر ہوئی لیکن جیت کیلئے پر عزم ہیں۔
اس موقع پر جنوبی افریقی کپتان ٹمبا بووما نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بڑا ہدف دیکر حریف کو پریشر میں لائیں۔