جنات سے نہیں ڈرتی، دبئی میں تھی تو سوتے ہوئے جنوں نے ٹانگیں پکڑلی تھیں : سعدیہ امام کا دعویٰ

جنات سے نہیں ڈرتی، دبئی میں تھی تو سوتے ہوئے جنوں نے ٹانگیں پکڑلی تھیں : سعدیہ امام کا دعویٰ

کراچی : سینیئر اداکارہ سعدیہ امام نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جنات سے نہیں ڈرتیں بلکہ ان سے باتیں تک کرتی ہیں اور کبھی کبھار انہیں اپنے ساتھ ٹی وی دیکھنے کا مشورہ تک دیتی ہیں۔

سعدیہ امام حال ہی میں  نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے کا کہا کہ  جنات حقیقت ہیں، ان سے انکار نہیں کیا جا سکتا یہ باتیں ہمیں ہمارے بزرگ تک بتاتے تھے۔

ان کے مطابق ماضی میں بزرگ کہا کرتے تھے کہ گوشت کھاتے وقت ہڈی میں تھوڑا گوشت رہنے دیا کریں کیوں کہ وہ کسی اور کا حصہ ہوتا ہے، اسی طرح ماضی میں ہر جمعرات کو میٹھا پکانے کی ہدایت کی جاتی تھی اور پھر کچھ کھانے کو چھت پر رکھنے کا کہا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہڈی میں بچے ہوا گوشت یا بچے ہوئے کھانے کو چھت پر رکھنے کا مشورہ بزرگ افراد اس لیے دیتے تھے کہ انہیں پتا تھا کہ ہمارے ساتھ کوئی بھی رہتا ہے اور وہ حصہ ان کا ہے۔

سعدیہ امام نے ڈرامے کی شوٹنگ کا ایک واقعہ بتاتے ہوئے بتایا کہ وہ جب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں شوٹنگ کے لیے گئیں تو جنات نے صبح سویرے ان پر حملہ کردیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ سو رہی تھیں کہ اچانک کسی نے ان کی ٹانگیں پکڑلیں جس پر انہوں نے قرآنی آیات پڑھ کر زور سے ان آیات کو ان کی جانب پھینکا، جس کے بعد کمرے کی تمام لائٹس ہلنے لگیں اور کمرے کا شیشہ تک ٹوٹ گیا اور انہوں نے ان کی ٹانگیں چھوڑ دیں۔

ان کے مطابق عین اسی وقت انہیں ان کے مرشد کا فون آیا جنہوں نے ان سے خیریت دریافت کی اور مرشد کے فون آنے پر وہ حیران رہ گئیں کہ انہیں کیسے پتا چلا کہ ان کے ساتھ ایسا ہوا ہے؟

اسی طرح انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بچپن سے ہی بہادر تھیں۔ انہیں والدین نے کبھی جنات سے ڈرنا سکھایا ہی نہیں بلکہ وہ انہیں تلقین کیا کرتے تھے کہ ان کا خیال رکھا کریں۔

ان کے مطابق وہ اپنے گھر میں جنات سے باتیں کرتی ہیں، جب وہ کمرے میں بیٹھی ہوتی ہیں اور انہیں کچن سے آوازیں آتی ہیں تو وہ انہیں زور سے کہتی ہیں کہ کچن استعمال کرنے پر پابندی نہیں ہے لیکن اسے گندا نہیں کرنا اور صفائی کا خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض مرتبہ جب وہ صبح کو سویرے اٹھیں تو انہوں نے کچن میں گندگی دیکھی جس پر انہوں نے نوکرانی سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے چائے نہیں بنائی، آپ ان سے پوچھیں جن سے آپ باتیں کرتی ہیں۔

سعدیہ امام نے دعویٰ کیا کہ بعض اوقات جب وہ ٹی وی دیکھ رہی ہوتی ہیں تو وہاں کوئی نہ کوئی آجاتا ہے، جس پر وہ انہیں ساتھ بیٹھ کر ٹی وی سیریل دیکھنے کی دعوت دیتی ہیں۔ ان کی جانب سے اُن سے (جنات) سے بات کرنے پر بعض لوگ انہیں پاگل بھی قرار دیتے ہیں۔

مصنف کے بارے میں