بیت المقدس: غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر اچانک لاتعداد راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک عورت ہلاک جبکہ 3افراد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے عسکری ونگ کے کمانڈر محمد الضیف ابو خالد کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن 'طوفان الاقصیٰ' میں اسرائیل پر پانچ ہزار میزائل حملےکیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ترجمان ایوجا درعی نے ایک بیان میں غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر حملوں کے بعد جنگ کے لیے تیار رہنے کے لیے کہا تھا۔
اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ سے عسکریت پسند اسرائیلی علاقوں میں گھس گئے ہیں۔اسرائیل کی فوج نے جنگی حالات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے بھی غزہ میں اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے اور اسرائیلی وزیر دفاع نے ریزرو فوجیوں کو طلب کرنےکی منطوری بھی دے دی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے2007 میں غزہ پر حماس کےکنٹرول کے بعد سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔