ممبئی: کنگ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد انہیں 14 دن کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کروز شپ میں ریو پارٹی کے دوران منشیات لینے کے کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی ) کی جانب سے حراست میں لئے جانے والے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان کی ضمانت کی درخواست کو عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔
آریان خان کے کیس کا فیصلہ جمعہ کو سنایا جائے گا جبکہ اس سے قبل اداکار کے بیٹے کے وکیل کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی گئی جس کو عدالتی مجسٹریٹ کی جانب سے مسترد کردیا گیا،ضمانت مستردہونے کے بعد آریان خان اور دیگر 7افراد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کی 3 تاریخ کو شاہ رخ خان کے بیٹے کو منشیات کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ آریان خان کو ممبئی کے ساحل سے دور کروز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مارنے کے بعد این سی بی نے تحویل میں لیا تھا۔
آریان خان کی گرفتاری کے بعد این سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار کئے گئے تمام افراد اور دو منشیات فروش مبینہ طور پر ایک دوسرے سے واٹس ایپ پر رابطے میں تھے اور چیٹ میں کوڈ ورڈز کا استعمال کرتے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق این ڈی پی ایس ایکٹ کی 4 دفعات سیکشن 8سی، 20 بی، 27 اور 35 کے تحت آریان خان کو گرفتار کیا ہے،ان مقدمات میں انہیں 20 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے ۔