واشنگٹن: امریکہ نے چین کو سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ سطحی خصوصی چائنہ مشن سینٹر قائم کردیا ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اعلیٰ سطحی خصوصی چائنہ مشن سینٹر خفیہ ادارے سی آئی اے کی سربراہی میں قائم کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے کیا ہے۔ دلچسپ امر ہے کہ ولیم برنز ایک کیریئر سفارتکار ہیں اور اس اہم ترین منصب کے لیے ان کا انتخاب امریکی صدر جوبائیڈن نے کیا ہے۔
امریکی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز نے اس حوالے سے کہا ہے کہ چین 21 ویں صدی میں امریکہ کے لیے سب سے بڑا سیاسی و جغرافیائی خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین سے امریکہ کو متعدد خطرات درپیش ہیں۔
ولیم برنز نے کہا کہ چائنہ مشن سینٹر کا بنیادی مقصد چین کی جانب سے درپیش عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔ اس ضمن میں انہوں ںے واضح کیا کہ خطرہ چین کی حکومت سے ہے عوام سے نہیں ہے۔
امریکی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز نے اس حوالے سے یہ بھی کہا ہے کہ روس، شمالی کوریا اور ایران پر ہماری توجہ برقرار رہے گی۔
افغانستان سے امریکی انخلا کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے بھی امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ 21 ویں صدی میں چین اور روس پر نگاہیں مرکوز رکھیں گے کیونکہ ان سے خطرات لاحق و درپیش ہیں۔ انہوں نے اپنی نشری تقریر میں یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ روس اور چین اس بات کے خواہش مند تھے کہ امریکہ، افغانستان میں ہی الجھا رہے۔