بارکھان میں دو قبائل میں لڑائی، پانچ افراد جاں بحق

06:02 PM, 7 Oct, 2021

بارکھان: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں پسند کی شادی دو قبائل میں لڑائی کی وجہ سے پانچ افراد جان سے چلے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ ایس ایچ او سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

بارکھان کے علاقے رکنی میں کھتران قوم کی لڑکی اور لڑکے کا بھاگ کر شادی کرنا اور پنجاب کے لغاری قبیلے کے ایک شخص کا جوڑے کو پناہ دینا دو قبائل میں خونریزی کا سبب بن گیا۔ لڑکی اور لڑکے کی پسند کی شادی کی وجہ سے ہونے والے خونریز جھگڑے میں اب تک پانچ افراد جان سے جا چکے ہیں جبکہ مزید خونریزی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ دو ماہ قبل بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکنی کی رہائشی ایک کھتران لڑکی نے اپنے ہی قبیلے کے ایک لڑکے کے ساتھ گھر سے بھاگ کر شادی کر لی تھی۔ دونوں پنجاب کے علاقہ بواٹہ میں لغاری قبیلے کے ایک فرد کے ہاں پناہ گزین ہوئے ۔

اس معاملے پر لغاری اور کھتران قبیلے میں تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوئے جبکہ قاتلوں کی عدم گرفتاری پر گزشتہ روز لغاری قبیلے نے بلوچستان، پنجاب بارڈر پر بین الصوبائی شاہراہ کو بلاک کر کے احتجاج کیا ۔

ذرائع کے مطابق احتجاج ختم ہونے کے بعد پھر صورت حال بگڑ گئی اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک زخمی بعد ازاں جاں بحق ہو گیا ۔

اس تمام واقعے کا مقدمہ رکنی پولیس نے ایس ایچ او تھانہ بواٹہ نصراللہ لغاری سمیت متعدد افراد کے خلاف درج کر لیا۔ مقدمہ میں قتل اور دہشت گردی سمیت کئی سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ اس مقدمہ کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا اندیشہ ہے۔

مزیدخبریں