پاکستان اور امریکہ جنوبی ایشیا میں امن کے خواہاں ہیں، دفتر خارجہ

05:20 PM, 7 Oct, 2021

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ جنوبی ایشیا میں امن کے خواہاں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں یک طرفہ اقدامات قبول نہیں کیے جائیں گے اور قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کی شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ایک تفصیلی ڈوزیئر بھی پیش کیا تھا اور بھارت میں اقلیتی برادری محفوظ نہیں ہے۔ او آئی سی اجلاس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو سراہا گیا جبکہ بھارتی اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے جبکہ پاکستان اور امریکہ جنوبی ایشیا میں امن کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ مفادات پر مبنی تعلقات ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن آج اور کل پاکستان کا دورہ کریں گی، دورے کے دوران پاک امریکا دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال ہو گا جبکہ  ہم امریکی کانگریس اجلاس کی سماعتوں کے دوران موقف کو امریکہ کا سرکاری موقف نہیں سمجھتے ، پاکستان اور امریکا کے درمیان نیویارک میں ڈپٹی سیکرٹری کے دورہ پاکستان یر بات ہوئی اور وزارت خارجہ کے امریکا میں سفیر کے حوالے سے جعلی خط کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بلوچستان میں زلزلے سے ہونے والے انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں