زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے بلوچستان حکومت کی معاونت کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت  

02:19 PM, 7 Oct, 2021

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانی ومالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ وفاقی اداروں کو متاثرین کی مدد کے لیے بلوچستان حکومت کو ہرممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور موجودہ صورتحال کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم آفس کو پیش کی گئی۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ وفاقی اداروں کو ریلیف فراہمی میں حکومت بلوچستان کو تمام ممکنہ معاونت کی فراہمی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں ہرممکن تعاون فراہم کرے گی

ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہرنائی بلوچستان زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ صدر مملکت نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ صوبائی اور قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز متاثرین کو فوری امداد فراہم کریں گی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہرنائی میں زلزلہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے کے بعد ہرنائی اور گردونواح میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سول آرمڈ فورسز زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہیں، فرنٹیر کور بلوچستان نارتھ امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لے رہی ہے، زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں