خیبر پختونخوا کابینہ نے اسکول بیگز کے وزن سے متعلق مجوزہ قانون منظور کر لیا

09:39 PM, 7 Oct, 2020

پشاور: ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں خیبر پختونخوا کابینہ نے اسکول بیگز کے وزن سے متعلق مجوزہ قانون کا ڈرافٹ منظور کر لیا ہے۔ مجوزہ قانون میں نرسری کے بچوں کے اسکول بیگز کا وزن ڈیڑھ کلوگرام رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پہلی کلاس کے اسکول بیگز کا وزن 2 اعشاریہ 4 کلوگرام رکھنے کی تجویز دی ہے۔

مجوزہ قانون کے ڈرافٹ میں دوسری سے پانچویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن اڑھائی سے 5 اعشاریہ 3 کلوگرام تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ چھٹی سے دسویں جماعت تک اسکول بیگز کا وزن 5 اعشاریہ 4 سے ساڑھے 6 کلوگرام تک رکھنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح گیارہویں اور بارہویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن 7 کلوگرام رکھنے کی تجویز ہے۔

مجوزہ قانونی ڈرافٹ کے مطابق اسکول بیگز ایکٹ پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا قانون ہو گا۔ قانون کی خلاف ورزی پر ذمہ دار سرکاری حکام کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قانون کی خلاف ورزی پر نجی تعلیمی اداروں کو 2 لاکھ روپے تک جرمانہ کرنے کی تجویز ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کو 2 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو گا۔ والدین اور طلبا کے لیے حکومت نے بہترین اقدام کیا ہے۔

صوبائی وزیر شہرام ترکئی  نے کہا کہ اسکول بیگز وزن کا قانون طلبا کی آسانی کے لیے بنایا گیا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں اہم قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ عالمی معیار کے مطابق اسکول کے بچوں کے بیگز کاوزن کے تعین کیاجائے گا۔ شہرام ترکئی کے مطابق تمام اسکولوں پر قوانین کی پابندی لازمی ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا حکومت نے اسکولز میں کورونا پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر تمام اسکولز میں بریک ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں اسکولوں میں صبح اسمبلی کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا  کے اسکولوں کے اوقات میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے۔

ہائی اسکول کی چھٹی ایک بج کر 30 پر ہو گی اور پرائمری اسکولز کے اوقات کار صبح 8 بج کر 30 منٹ سے لے کر 12 بج کر 30 منٹ تک ہوں گے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے انتظامیہ کو اسکولوں میں ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ خیبرمیڈیکل کالج پشاور میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کالج کو 2 ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کالج بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں