نیب نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو طلب کر لیا

08:00 PM, 7 Oct, 2020

لاہور: مسلم لیگ ن کے ایک اور اہم رہنما نیب کے راڈر پر آ گئے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو کل طلب کر لیا ہے ۔ نیب لاہور نے لیگی رہنما خواجہ آصف کو متحدہ عرب امارات کی کمپنی میں ملازمت کی تفصیلات اور دستاویزات سمیت طلب کیا۔

نیب نے انہیں 2004 سے 2017 کے دوران اقامے کی کاپیاں، ملازمت کیلئے دی گئی درخواست کی کاپی اور ملازمت کی نوعیت، تنخواہ کے چیکس، ایمپلائیز فائل کی تصدیق شدہ کاپی اور اختتامی تفصیلات ہمراہ لانے کی ہدایت کی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ کمپنی معاہدے کے مطابق خواجہ آصف کو ہفتے میں ایک دن آرام دیا جانا تھا مگر وہ پاکستان میں رہتے ہوئے تنخواہ وصول کرتے رہے۔ کیا آفس کو جوائن نہ کرنا اقامہ معاہدے کی خلاف ورزی نہیں تھا۔ 

نیب نے میسرز آئی میکو کے 2004 تا 2019 تک کے جمع کرائے گئے مالی گوشواروں کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔ 

اس کے علاوہ خواجہ آصف کو جاری نوٹس میں متحدہ عرب امارات کی کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر کو بھی پیش ہونے کا پابند بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمپنی کے ایم ڈی الیاس سلمان کو الگ سے بھی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ خواجہ آصف متعدد بار نیب میں پیش ہو چکے ہیں اور ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

مزیدخبریں