نیویارک : فیشن شو کے دوران گلوکارہ کوکو کلوئی کا گانا ’ڈوم‘ چلایا گیا جس میں آخرت کے دن کے حوالے سے ایک حدیث شامل ہے.
انٹرنیٹ پر ریحانہ کو یہ مخصوص گانا چلائے جانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا اور تنقید کرنے والوں میں پاکستانی اداکار فیروز خان بھی پیش پیش رہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں پہلے تو فیروز خان نے ریحانہ کو ‘کچرا‘ کہا تاہم اداکارہ کی جانب سے معافی مانگے جانے کے بعد انہوں نے اپنا ٹوئٹ بھی ڈیلیٹ کردیا اور اپنے اس تبصرے پر اداکار نے معافی بھی مانگ لی۔
دوسری جانب ریحانہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے معافی مانگتے ہوئے گانا چلائے جانے کو ایک غیر ذمہ دارانہ حرکت قرار دیا۔
ریحانہ نے اپنے وضاحتی پیغام میں لکھا کہ فیشن شو کے دوران اس گانے کا استعمال ایک غیرذمہ دارانہ حرکت تھی اور یہ ایک غیر ارادی لیکن لاپرواہی کے نتیجے میں کی گئی غلطی تھی۔
گانا ’ڈوم‘گلوکارہ کوکو کلوئی کا ہے، انہوں نے بھی اس حوالے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ اس گانے میں اسلام سے متعلق حساس بول ہیں۔
گلوکارہ نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ وہ اس گانے کو تمام میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے جلد از جلد ہٹوانے کے لیے کوشاں ہیں۔
ریحانہ کے گانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عرب ممالک کے شہریوں کی جانب سے شدید تنقید کانشانہ بنایا گیا ۔ عرب شہریوں کا کہناتھا کہ ریحانہ کے گانے کے آخر ی بول ہر صورت کاٹ دینے چاہیے ۔
ریحانہ کے سیکٹریٹری کا کا کہنا ہےکہ ہم اس سلسلے میں مذکورہ میوزک کمپنی سے رابطے میں ہیں اور گانے کو فوری طور ڈیلیٹ کروانے کے لیے کوشش کررہے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ کسی کی بھی اس گانےسے دل آزاری نہ ہو ۔