پشاور‘ دلیپ کمار کا آبائی گھر خریدنے کیلئے باقاعدہ اعلامیہ جاری

11:43 AM, 7 Oct, 2020


پشاور:  خیبرپختونخوا حکومت نے بھارتی لیجنڈ دلیپ کمار کے پشاور میں واقع آبائی گھر کو خریدنے کے لیے سیکشن فور نافذ کردیا۔

ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے علاقے محلہ خدا داد میں واقع دلیپ کمار کے آبائی گھر کو خریدنے کے لیے سیکشن فور نافذ کردیا جس کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، محکمہ آثار قدیمہ نے گھر خریدنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔

صوبائی مشیر اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ حکومت دلیپ کمار کا 4 مرلے کا گھر خریدنے کا عزم رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے سیکشن فور نافذ کردیا گیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں گھر کو خریدا جائے گا جس کے لیے حکومت فنڈ مہیا کررہی ہے۔

کامران بنگش کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں گھر کی مرمت اور اس کی اصلی حالت میں بحالی کا کام ہوگا اور بحالی پلان کے تحت گھر کو میوزیم میں تبدیل کردیا جائے گا۔

اس سے قبلخیبر پختونخوا حکومت نے برصغیر کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور کپور خاندان کے دونوں گھر خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دونوں تاریخی گھر انتہائی مخدوش حالت میں ہیں۔

گھروں کی خریداری کے لیے فنڈ خیبر پختونخوا کا محکمہ آثار قدیمہ ادا کرے گا اور حویلیوں کو خریدنے کے لیے رقم بھی مختص کر دی گئی تھی۔

محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر پشاور کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں دونوں گھروں پر سیکشن فور نافذ کرکے ان کی قیمت کا تعین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹرعبدالصمد نے بتایا کہ دونوں تاریخی گھر انتہائی مخدوش حالت میں ہیں، انہیں خرید کر ان کو دوبارہ اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔

مزیدخبریں