فضل الرحمان کو مذہب کارڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، شوکت یوسفزئی

11:02 AM, 7 Oct, 2019

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو احتجاج کے لیے مذہب کارڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لوگ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نہیں نکلیں گے کیونکہ ان کے مارچ کا کوئی مقصد نہیں ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی طور پر احتجاج کرنا چاہیں تو بے شک کریں لیکن بچوں کو سڑکوں پر لانے کی کوشش کی گئی تو سختی سے روکیں گے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مدرسوں کے بچوں کو ڈھال بنا کر نکلنا چاہتے ہیں اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہیں مذہب کارڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے دھرنے کو مولانا فضل الرحمان سے منسوب نہیں کیا جا سکتا کیونکہ طاہر القادری کے لوگوں کو مارا گیا اور اس وجہ سے وہ نکلے۔

کے پی کے میں ڈاکٹروں کے احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ڈاکٹر سیاست کر رہے ہیں اور ان کے احتجاج کے پیچھے سیاست ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ڈاکٹروں کا کوئی حقیقی مطالبہ نہیں ہے اور ان کے سارے مطالبات جعلی ہیں۔

مزیدخبریں