میرپور: پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر عادل رشید ہزاروں میل دور سے آکر میرپور پہنچے، جہاں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سامان تقسیم کیا، کہتے ہیں زلزلے کی خبر سنتے ہی خود کو اس علاقے سے دور نہ رکھ سکے۔
عادل رشید نے صاحب حیثیت افراد سے بھی متاثرین کی مدد کرنے کا کہہ دیا ہے۔ برطانوی کرکٹر اپنے آبائی شہر میرپور میں زلزلہ متاثرین کے پاس پہنچے اور انکے دکھ میں شریک ہوئے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ سینٹر کے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، مکانات کے بکھرے ملبے اور خیموں میں بیٹھے افراد کو دیکھ کر عادل رشید کافی افسردہ دکھائی دیئے۔
عادل رشید نے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا جس میں روز مرہ استعمال کی اشیا سمیت کمبل بھی شامل تھے۔ واضح رہے کہ 24 ستمبر کو 5.8 کی شدت سے آنیوالے زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی تھی۔ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔ جبکہ 1619 مکانات مکمل تباہ جبکہ 7 ہزار ایک سو مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔